اڈپی،8؍اکتوبر(ایس او نیوز) اڈپی کے کنجور میں حال ہی میں ہندو بنیاد پرستوں کے ہاتھوں قتل ہوئے پروین پجاری کے گھر پر آج چلو اڈپی ٹیم نے حاضری دی۔اس موقع پر ٹیم سے مخاطب ہوکر پروین پجاری کی ماں بے بی نے کہا کہ اس کے بیٹے کا قتل ہندوتنظیموں سے وابستہ غنڈوں نے کیا ہے۔ آج ٹیم سے مخاطب ہوکر بے بی نے بتایاکہ کچھ لوگ اس کے بیٹے کو کرایہ پر گاڑی لینے کا بہانہ بناکر ساتھ لے گئے ، اس نے روتے ہوئے کہاکہ کبھی اس کے لڑکے نے کسی سے ناانصافی نہیں کی، ہمیشہ وہ سب کی مدد کیاکرتاتھا۔مرغیوں کافارم چلاکر وہ خاندان کیلئے آمدنی حاصل کرتا۔ اور ساتھ ہی ایک گاڑی رکھ کر کرایہ پر اسے دوڑاتا ۔ قرض رقم لے کر ان لوگوں نے گائے خریدی اور ان کی پرورش میں لگے ہوئے تھے کہ ہندو تنظیم سے وابستہ غنڈوں نے یہ الزام لگاکر کہ پروین اپنی گائے جمع فروخت کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ اس پر حملہ کردیا۔ بے بی نے بتایاکہ وہ بھی گائیوں کی دیکھ بھال کیلئے قرضہ لے کر پروین پجاری کو دیاکرتی تھی۔ بے بی نے بتایاکہ پروین نے کبھی زندگی میں مویشیوں کی تجارت نہیں کی۔ اسے پولیس کے حوالے بھی کردیا جائے تو اس کا بیان یہی ہوتا۔ بے بی نے بتایاکہ وہ اپنے لڑکے کی شادی کیلئے لڑکیوں کی تلاش میں تھی، حال ہی میں پروین نے اپنی چھوٹی بہن کی شادی کی تھی ، جس کا قرض ابھی ادا نہیں ہوا۔ کسی کے معاملے میں مداخلت نہ کرنے والے پروین کے ساتھ ان غنڈوں نے ایسی حرکت کی ہے۔اس نے کہاکہ آج جن مشکلات سے وہ گزر رہی ہے شاید کسی ماں نے ایسی آزمائش کا سامنا نہ کیاہوگا۔ اس نے چلو اڈپی ٹیم کے اراکین سے گذارش کی کہ اسے انصاف دلایا جائے۔